سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) تھانہ حاجی پورہ کے علاقے ڈسکہ روڈ پر واقع ایک نجی پیٹرول پمپ پر لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس ٹیموں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے محض 4 گھنٹوں میں مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسکہ روڈ پر چند افراد کے درمیان ہونے والے تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں سبطین نامی شہری جاں بحق ہوا۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی سرکل اور ایس ایچ او حاجی پورہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بھرپور کارروائی کی اور مرکزی ملزم خواجہ منیب کو حراست میں لے لیا۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملزم چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اسے قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اس مقدمے کی تفتیش مکمل میرٹ اور اصل حقائق کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے