سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو کی رپورٹ) حاجی پورہ کے علاقے میں پیٹرول پمپ پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ملازم جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے اپنی گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے کے بعد انتظامیہ سے مزید 10 لیٹر پیٹرول فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پمپ ملازمین نے اضافی پیٹرول دینے سے معذرت کی، جس پر ملزمان اشتعال میں آگئے اور بحث و تکرار کے بعد اسلحہ نکال کر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پمپ کا ایک ملازم موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کی خبروں کے باعث پمپس پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے کھلے عام پیٹرول کی فروخت پر پابندی کے باعث اکثر مقامات پر شہریوں اور پمپ انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔