اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رینالہ خورد اور گردونواح میں ملاوٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑی کارروائی عمل میں لائی ہے، جس کے دوران بھاری مقدار میں ناقص کھویا، دودھ اور زائد المیعاد مشروبات قبضے میں لے کر تلف کر دیے گئے۔ حکام نے ملوث افراد کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ تھانوں میں مقدمات بھی درج کروا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماہِ صیام میں شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے رینالہ خورد کے نواحی علاقوں چک 4 ڈی ماجرہ اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران 400 لیٹر زائد المیعاد (ایکسپائری) مشروبات، 80 کلو ملاوٹی کھویا اور 40 لیٹر ناقص دودھ برآمد ہوا۔ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران کھوئے میں سٹارچ اور کیمیکل جبکہ دودھ میں پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی، جس پر ہول سیل پوائنٹس کو 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر کھویا یونٹ اور ملک شاپ مالکان کے خلاف تھانہ چوچک اور بصیر پور میں ایف آئی آرز درج کروا دی ہیں۔ کارروائی کے دوران قبضے میں لیا گیا تمام مضرِ صحت سامان موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے انسانی استعمال میں نہ لایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک میں جعل سازی اور ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو خالص اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔