اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، جس کے نتیجے میں آج بھی 104 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کراچی سے دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین کے لیے 21 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ لاہور سے مختلف عرب ممالک کے لیے 27 پروازیں آپریٹ نہیں ہو سکیں۔ اسی طرح اسلام آباد سے 29، پشاور سے 12، ملتان سے 8 اور فیصل آباد سے 7 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی مجموعی طور پر 1130 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، تاہم اب کچھ پروازوں کی بحالی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ کوئٹہ سے شارجہ اور دبئی کی تمام 4 پروازیں آپریٹ ہونے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور ملتان سے بھی چند پروازیں روانگی کے لیے تیار ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈے بتدریج بحالی کی طرف گامزن ہیں جہاں ایک دن میں 400 پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔ دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے خصوصی آپریشن کے ذریعے 30 ہزار افراد کے انخلاء کی کوششیں بھی جاری ہیں، البتہ دوحہ، بحرین اور کویت سے گزشتہ 6 روز سے کوئی پرواز روانہ نہیں ہو سکی ہے۔