اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دیسی گھی کی کھیپ پکڑ لی۔ ترجمان کے مطابق پرانا حاصل پور روڈ پر ایک رکشہ کی تلاشی کے دوران 600 کلو گرام ناقابلِ سراغ اور مشکوک دیسی گھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد ہونے والا گھی کسی مستند برانڈ یا رجسٹریشن کے بغیر تیار کیا گیا تھا اور اس پر مطلوبہ لیبلنگ بھی موجود نہیں تھی۔ کارروائی کے دوران رکشہ ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے گھی کے سیمپلز لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے جہاں وہ فیل قرار پائے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق گھی مضر صحت اور غیر معیاری اجزاء سے تیار کیا گیا تھا جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے خوردونوش خریدتے وقت مستند لیبل اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی منظوری لازمی چیک کریں تاکہ غیر معیاری اور جعلی مصنوعات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہِ صیام میں جعلساز مافیا کی سرکوبی کے لیے خصوصی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔