اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) فیصل آباد روڈ پر نجی ملز کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مزدا ٹرک رکشہ سے ٹکرانے کے بعد سامنے سے آنے والے 22 ویلر ٹرالر سے جا ٹکرایا۔

حادثے کے نتیجے میں 35 سالہ حسنین اور 46 سالہ ذوالفقار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق تاندلیانوالہ سے بتایا گیا ہے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ مزدا اور رکشہ بری طرح متاثر ہوئے، جس کے باعث رکشہ اور ٹرک میں سوار دیگر افراد بھی ملبے تلے دب گئے۔

زخمیوں میں تین خواتین جنت بی بی، منور بی بی، ارشاد بی بی اور دو مرد محمد بلال اور یاسین شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور فوری طور پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے