اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ ضلع اوکاڑہ میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے اور تمام مسالک کے علما کرام کے درمیان باہمی الفت، محبت اور اتفاق و اتحاد قابلِ تقلید ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسدا اعجاز ملہی، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ، ممبران امن کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت کو مزید مضبوط کریں تاکہ کوئی دشمن میلی آنکھ سے ہماری طرف نہ دیکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، فتنہ انگیزی اور شرپسند عناصر کو معاشرے سے الگ کرنا ہوگا تاکہ ایک پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکے اور ملک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسدا اعجاز ملہی نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ میں امن و امان کے قیام کے لیے محکمہ پولیس تمام وسائل استعمال کر رہا ہے۔ مساجد کی سیکیورٹی سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں قیامِ امن کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی اور علما کرام نے جس انداز میں امن کی فضا برقرار رکھی ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔

اجلاس میں ماہِ صیام اور عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی و حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور ممبران امن کمیٹی نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے خطے میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے