تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی فوج نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح کو ہر صورت سزا دی جائے گی۔
ایرانی فوج کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کی قیادت پر حملہ ایک سنگین اقدام ہے جس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور دشمن کو اس کارروائی کی قیمت چکانا پڑے گی۔
دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بھی واضح کیا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ کے قاتلوں کو سخت، فیصلہ کن اور عبرتناک سزا دینے کا موقع ضائع نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای ہفتہ کو ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں میں اپنے دفتر میں موجودگی کے دوران شہید ہوئے۔ حکومتِ ایران نے ان کی شہادت پر ملک بھر میں سات روزہ تعطیل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔