اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) چیئرپرسن سہولت بازار اتھارٹی پنجاب، محمد افضل کھوکھر نے نگہبان رمضان بازار کا دورہ کیا اور یہاں اشیائے ضروریہ کے ریٹس، کوالٹی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مینجر سہولت بازار محمد ثاقب شہزاد نے انہیں انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ چیئرپرسن نے بازار میں موجود دکانداروں سے خریداری کے عمل اور سہولتوں کے بارے میں استفسار بھی کیا۔
اس دوران شہریوں نے نگہبان سہولت بازار میں خریداری کے تجربے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی ریلیف کے لیے پرعزم ہیں اور پنجاب بھر میں سہولت بازاروں کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازار میں بنیادی اشیائے خورونوش کے 17 آئٹمز مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں اور سرکاری نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ چیئرپرسن نے اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی اور قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ پر زور دیا۔
محمد افضل کھوکھر نے نگہبان رمضان بازار میں عوامی ریلیف اور انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سہولت بازاروں کے قیام کا مقصد شہریوں کو معیاری اور سستے داموں اشیاء فراہم کرنا ہے تاکہ رمضان کے مہینے میں عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔