اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رکھی ہیں، جو پاکستان کے خلاف حملوں میں ملوث ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی دوحہ معاہدہ کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ملکی دفاع کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
مشرف زیدی نے کہا کہ طالبان قیادت دہشت گرد گروہوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان قیادت کو عالمی برادری کے سامنے یہ اعتماد بحال کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گرد عناصر کے خلاف واضح اور عملی مؤقف رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی رہے گی، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکے گا، اور اس ضمن میں طالبان حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔