اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ میں امن و امان کے قیام اور رمضان المبارک کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کیا۔
ڈی پی او نے ضلع بھر میں قائم مختلف مساجد، امام بارگاہوں اور دربار حضرت کرمانوالہ شریف کے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انچارج سیکیورٹی سمیت دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، سرچنگ کے نظام اور نفری کی تعیناتی کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔
دورے کے دوران ڈی پی او نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ عبادت گاہوں کے اطراف موثر گشت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کیں اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع کے نظام کو فعال رکھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگ عبادات اور مذہبی سرگرمیاں مکمل سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع بھر میں حساس مقامات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے جبکہ موبائل اور پیدل گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔