اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) اوکاڑہ میں حضرت اسماعیل شاہ بخاری المعروف حضرت کرماں والی سرکارؒ کے عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ شہر کی فضاؤں میں عقیدت و احترام کی خوشبوئیں بکھر گئیں اور زائرین کی بڑی تعداد دربار شریف پر حاضری دینے کے لیے پہنچنا شروع ہو گئی۔

عرس کی ابتدا دربار شریف کو غسل دینے کی روح پرور تقریب سے ہوئی، جس میں سجادہ نشین، متوسلین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دربار کو عرقِ گلاب اور مختلف خوشبوؤں سے غسل دیا گیا جبکہ ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک بھر کے مختلف شہروں سمیت بیرونِ ممالک سے بھی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور عقیدت مند جوق در جوق حاضری دے رہے ہیں۔ دنیا بھر سے علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے اوکاڑہ پہنچ رہے ہیں، جہاں محافلِ نعت، ذکر و اذکار اور خصوصی بیانات کا اہتمام کیا جائے گا۔

عرس کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقامی سطح پر تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اوکاڑہ شہر میں عرس کی تقریبات کے باعث روحانی اور پُروقار ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے اور عقیدت مند بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ ان تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے