اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ مرزا راحیل بیگ نے سہولت بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خورونوش کے مقررہ سرکاری نرخوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف سٹالز پر جا کر پھلوں، سبزیوں، آٹا، چینی، دالوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کو چیک کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام دکاندار سرکاری ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو قیمتوں سے متعلق مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے بعض سٹالز پر معیار اور صفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور بہتر انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔
مرزا راحیل بیگ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی من مانے نرخ وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی، مناسب معیار اور قیمتوں پر سخت نگرانی رکھی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا استحصال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پرائس کنٹرول مہم جاری رہے گی اور روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔