سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ‘ستھرا پنجاب’ مہم کے سلسلے میں ایک خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی افسران، صفائی عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی مقامات، گلیوں اور بازاروں میں کچرا پھینکنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صفائی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک ہزار سے لے کر سات لاکھ روپے تک کے بھاری جرمانے کیے جا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے زور دیا کہ صاف ستھرا ماحول ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے اور اپنے گردونواح کو صاف رکھنا ہر شہری کی اخلاقی و قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صفائی کے نظام کو پائیدار بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہری صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت ہیلپ لائن 1139 پر درج کروا سکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آگاہی واک میں ایم ڈی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سلمان احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل رانا لطیف، میڈیا مینیجر فہد جاوید اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی کی اہمیت اور ذمہ دار شہری بننے کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔ انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ شہر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔