اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کی فراہمی کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مصنوعی مہنگائی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں خود موجود رہ کر قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حالیہ کارروائیوں کے دوران تحصیل اوکاڑہ میں 8 اور تحصیل دیپالپور میں 4 افراد کو گراں فروشی کے جرم میں موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کے خصوصی احکامات پر 2 افراد کو تین دن کے لیے زیرِ حراست بھی لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے قیمتوں میں خودساختہ اضافے پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے ہیں تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ صیام میں غریب عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی میں ملوث عناصر کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ مہنگائی مافیا کے کیسز سمری ٹرائل کے لیے عدالتوں میں بھجوائے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات بالکل واضح ہیں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے مافیا کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔