ڈیرہ غازی خان/لیہ (کیو این این ورلڈ) اینٹی کرپشن نے ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کے چار افسران سمیت ایک پٹواری کو گرفتار کرلیا۔ ڈیرہ غازی خان میں ستھرا پنجاب کے تین افسران کو مبینہ طور پر سرکاری خزانے کو 18 کروڑ 84 لاکھ 486 روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ لیہ میں بھی ستھرا پنجاب کے تحصیل منیجر کو مبینہ کرپشن کے الزام میں حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان میں اینٹی کرپشن کے سرکل آفیسر ہیڈکوارٹر شہزاد گل نے کارروائی کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کے چیف فنانس آفیسر محمد حبیب ولد واحد بخش خان سکھانی، آپریشنل منیجر محمد حسنین ولد ظہور احمد گشکوری اور تحصیل منیجر عمر فاروق ولد عبدالخالق نعیم راجپوت کو حسبِ ضابطہ گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گرفتار افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر سرکاری رقم میں 18 کروڑ 84 لاکھ 486 روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ہیڈکوارٹر ڈیرہ غازی خان ریجن میں مقدمہ نمبر 37/26 درج کرلیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن لیہ نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کے تحصیل منیجر فیصل نیاز کو مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی تفتیش کے نتائج کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔
ادھر ڈیرہ غازی خان میں اینٹی کرپشن نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے پٹواری جمیل چانڈیہ کو بھی گرفتار کرلیا۔ تاہم اس گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
