خیبرپختونخوا میں ڈینگی پھیلنے لگا، کوہاٹ میں 2,319 کیسز رپورٹ، گورنر کی ہنگامی اقدامات کی ہدایت

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے میں ڈینگی کی صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ڈینگی کے 3,771 کیسز اور اس مرض کے باعث 2 اموات کی اطلاع دی گئی۔ ضلع کوہاٹ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں اب تک 2,319 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکام نے گورنر کو ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال، انسداد ڈینگی ایکشن پلان پر عمل درآمد، کیسز کی رپورٹنگ، سرویلنس سسٹم اور روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیاں، شہری آبادی میں بے ہنگم اضافہ، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامل ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ ڈینگی کی روک تھام کے لیے جامع ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس میں متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریاں واضح کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ڈینگی کیسز کی بروقت نشاندہی اور نگرانی کے لیے رپورٹنگ اینڈ سرویلنس سسٹم کو بہتر بنایا جا رہا ہے، جبکہ عوام میں ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگہی مہم بھی جاری ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں 1,666 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ضلع کوہاٹ میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرے اور اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے ڈینگی سے متاثرہ دیگر اضلاع میں بھی متعلقہ انتظامیہ کے تعاون سے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔

گورنر نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور عوام کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کا سب سے مؤثر ذریعہ عوامی آگہی ہے۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کے تعاون سے جامع آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی، جس کے ذریعے شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں سمیت اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

گورنر نے مزید کہا کہ آگہی مہم کو زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے کے لیے روایتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے