کراچی (کیو این این ورلڈ):پاک بحریہ نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والی ایک کارگو کشتی کے 20 پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ کامیاب آپریشن کے دوران تمام افراد کو سمندر سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو کارگو کشتی کے حادثے سے متعلق ہنگامی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد پاک بحریہ اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی کارروائی کے لیے پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل فوری طور پر متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کیے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور تیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوبنے والی کشتی میں سوار تمام 20 پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو ابتدائی طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ان کی صحت کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن پاک بحریہ اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے انسانی جانوں کے تحفظ، فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ بیان کے مطابق سمندری حدود میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارے ہر وقت مکمل طور پر تیار اور مستعد ہیں۔
پاک بحریہ کے مطابق سمندری حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت امدادی کارروائیاں انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم کا حصہ ہیں، اور مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی سمندری ذمہ داریوں کی ادائیگی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے گی