گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کمشنر محمد علی، آر پی او خرم شہزاد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی پی او ڈاکٹر غیاث گل کے ہمراہ امام بارگاہ باب الحوائج کامونکی، گلستانِ معرفت اور ضلعی محرم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سکیورٹی انتظامات اور انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم صبر، قربانی، برداشت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے، اس لیے بین المسالک ہم آہنگی اور اتحادِ امت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جن میں صفائی، لائٹنگ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کی فوری اطلاع انتظامیہ کو دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
حکام کے مطابق نویں محرم الحرام کو گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں مجموعی طور پر 103 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 150 مجالس منعقد کی جائیں گی۔ ان میں 5 اے، 7 بی اور 91 سی کیٹیگری کے جلوس شامل ہیں، جبکہ 5 اے، ایک بی اور 144 سی کیٹیگری کی مجالس ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق سکیورٹی کے لیے 3 ہزار 615 پولیس اہلکار اور 3 ہزار 425 رضاکار فرائض انجام دیں گے، جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلعی محرم کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی۔