کراچی (کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا کے لیے ایک عظیم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ امن معاہدہ دیرینہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے پائیدار امن کے قیام کی طرف ایک انتہائی اہم اور مثبت قدم ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی اور مثبت پیشرفت اس پورے سفارتی عمل میں شامل تمام ممالک اور فریقین کی مدبرانہ قیادت، دوراندیشی اور امن کے لیے ان کے مخلصانہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ اور تنازعات کا حل ہمیشہ سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہوتا ہے اور اس ڈیل نے ثابت کر دیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے بڑے سے بڑے بحران کو ٹالا جا سکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس اہم سفارتی عمل کو کامیابی سے آگے بڑھانے اور اس میں پاکستان کا کلیدی کردار قائم کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے علاقائی استحکام اور مڈل ایسٹ میں امن کی بحالی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدم حمایت، تزویراتی حکمتِ عملی اور مخلصانہ کوششوں کو بھی دل کھول کر سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔