سچائیوں کا زوال اور ڈیجیٹل نسل
تحریر: سید نذیر شاہ
بیسویں صدی کے آخر میں جب عقلِ کل ہونے کے دعوے داروں کو یہ گھمنڈ ہوا کہ دنیا کو سمجھنے کا بس ایک ہی سائنسی فارمولا باقی بچا ہے، اور وہ واحد فارمولا یہ تھا کہ کائنات، تاریخ اور انسانی زندگی کے تمام مسائل کا حل صرف سائنسی دلیل، منطق اور مغربی فلسفے کے پاس موجود واحد حتمی سچائی میں پوشیدہ ہے، تو پتا نہیں کہاں سے یہ ڈیجیٹل مزاج ’پوسٹ ماڈرن ازم‘ نامی بلا نازل ہو گئی۔ اس نے آتے ہی اعلان کر دیا کہ بھائی جان! دنیا کو سمجھنے، اس کی وضاحت کرنے یا معاشرے کو چلانے کی کوئی ایک حتمی، سائنسی یا عالمگیر سچائی جیسی کوئی شے وجود نہیں رکھتی۔ ہر گلی، ہر محلے اور ہر دور کا اپنا سچ ہے، اور باقی سب محض وہ کہانیاں ہیں جو طاقتور لوگ کمزوروں کو سناتے ہیں۔ یوں صدیوں کے طے شدہ اصولوں کو ایک ہی جھٹکے میں ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا۔
کتابوں اور یونیورسٹیوں کے بند کمروں کی یہ فلسفیانہ چہ مگوئیاں جب نکل کر سیدھی گلی محلوں میں آئیں، تو آج کی ڈیجیٹل نسل یعنی ہماری پیاری ’جین زی‘ اس کی جیتی جاگتی تصویر بن گئی۔ ہمارے ہاں تو ویسے بھی بزرگوں کی ہر بات کو حرفِ آخر سمجھنے کا رواج پرانا تھا، مگر آج کا نوجوان کہتا ہے کہ بابا جی! ذرا ٹھہریے، ہمیں دلیل دیجیے، ورنہ آپ کے پرانے فلسفے اور نسخے اپنے پاس ہی رکھیے۔
اب حالات یہ ہیں کہ نہ کوئی ایک حتمی راستہ بچا ہے اور نہ ہی کوئی ایک اصول، بس ہر کوئی اپنی مرضی کے ٹریک پر دوڑ رہا ہے۔ اور اس نئی دوڑ میں مزے کی بات یہ ہے کہ اب کسی کے پاس یہ کہنے کا جواز ہی نہیں بچا کہ میرا راستہ ہی سیدھا اور سچا ہے، کیونکہ ہر نوجوان نے پرانے طے شدہ راستوں کو خیرباد کہہ کر اپنا ذاتی نقشہ ترتیب دے لیا ہے، اور وہ AI سے بھی یہی مکالمہ کر رہا ہے کہ تم مجھے صرف معلومات فراہم کرو، حکم جاری کرنے کی زحمت مت کرو، کیونکہ منزل میری اپنی ہے۔
اس فلسفے کا سب سے رنگین اظہار آج کے سوشل میڈیا کے میم کلچر اور ریلز میں ہو رہا ہے۔ سنجیدگی اور گہرائی کے پرانے بتوں کو اٹھا کر اس نسل نے طنز، ابہام اور رنگ برنگی ڈیجیٹل دنیا کی نذر کر دیا ہے۔ یہاں بندہ ایک ہی وقت میں دیسی بھی ہے اور گلوبل بھی، اور شناختیں اتنی ہیں کہ خود اسے بھی یاد نہیں رہتا کہ صبح اٹھ کر کون سی والی پہننی ہے۔ حقیقت اب کوئی سیدھی لکیر نہیں رہی بلکہ سوشل میڈیا کے فلٹرز جیسی ہو گئی ہے، جو ہر کونے سے مختلف نظر آتی ہے۔
مگر اس فکری آزادی کا ایک الٹا پھندا بھی اب گلے پڑ رہا ہے۔ جب بڑے دعوے اور مطلق سچائیاں دم توڑ جاتی ہیں اور کوئی فکری لنگر باقی نہیں رہتا، تو انسان بغیر کسی سمت نما کے کھلے سمندر میں اکیلا ہچکولے کھانے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ آج کے نوجوانوں میں بے چینی، ڈپریشن اور بے سمتی کا جو عالم ہے، وہ اسی فکری خلا کا تحفہ ہے۔
دوسری طرف اگر آج کے سوشل میڈیا کو دیکھ کر آپ کا سر نہیں چکرایا، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے فون کی اسکرین کو غور سے دیکھا ہی نہیں۔ فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس پر جو کچھ ہو رہا ہے، وہ دراصل اسی پوسٹ ماڈرن ازم کی کھلی عملی نمائش ہے۔
اس ڈیجیٹل دنیا میں کوئی ایک حتمی سچائی باقی نہیں رہی۔ ایک طرف کوئی صاحب کسی مستند سائنسی تحقیق کا ڈھول پیٹ رہے ہوتے ہیں، تو دوسری طرف عین اسی لمحے کوئی اٹھارہ سالہ نوجوان سوشل میڈیا پر ایک عجیب و غریب میم بنا کر اس پورے دعوے کی دھجیاں اڑا دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اب سچ وہ نہیں جو حقیقت میں ہے، بلکہ سچ وہ ہے جسے سب سے زیادہ لائکس اور شیئرز مل جائیں۔
پرانے زمانوں میں خبر اور سچ ایک ہوتا تھا، مگر اب ڈیجیٹل دور کا المیہ یہ ہے کہ جو جتنی بڑی پھینکے گا، وہ اتنا ہی بڑا مفکر سمجھا جائے گا۔
اس پورے تماشے کے اصل ہیرو ہمارے وہی ’جین زی‘ والے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا کو اپنا مستقل مسکن بنا رکھا ہے۔ اب تو انٹرنیٹ پر بیٹھا ہر دوسرا نوجوان خود کو عقلِ کل سمجھتا ہے اور کسی فکری ٹھیکیدار کی بات پر آنکھیں بند کر کے یقین کرنے کو تیار نہیں۔ ان کا اصول یہ ہے کہ جو بات منطق پر پوری نہ اترے، اس پر زبردست سا میم بناؤ اور قصہ تمام کرو۔ سوشل میڈیا نے انہیں وہ جادو کی چھڑی دے دی ہے جس سے وہ ایک سیکنڈ میں کسی بھی روایتی بت کو گرا سکتے ہیں اور پرانی قدروں کو طنز کی بھٹی میں بھون سکتے ہیں۔
یہ پوسٹ ماڈرن دنیا تضادات کا ایک ایسا عجائب گھر ہے جہاں ایک لمحے شدید ترین عالمی مسئلے پر سنجیدہ بحث ہو رہی ہوتی ہے، تو اگلے ہی لمحے نیچے کوئی بے سر و پا مذاق چل رہا ہوتا ہے۔ صبح بندہ کچھ اور ہوتا ہے، دوپہر کو سوشل میڈیا ریلز بناتے بناتے کچھ اور بن جاتا ہے، اور شام کو کسی اور ہی ڈیجیٹل گروپ کا رکن نظر آتا ہے۔
جب پسِ پردہ کام کرنے والے الگورتھم آپ کی پسند ناپسند، سرچ ہسٹری اور کلکس کا حساب رکھ کر صرف وہی مواد آپ کے سامنے لاتے ہیں جو آپ دیکھنا چاہتے ہیں، تو وہ سچ کو محض ایک اضافی شے بنا دیتے ہیں۔ اس صورتِ حال میں اصل حقیقت کا تعین ناممکن ہو جاتا ہے اور انسان فکری طور پر تنہا اور بے سمت ہو کر رہ جاتا ہے۔
جین زی کے اس ڈیجیٹل مزاج اور پوسٹ ماڈرن ازم کے ملاپ نے آج کے نوجوانوں کو ایک ایسے سمندر میں لا کھڑا کیا ہے جہاں اسکرین کی روشنی تو چاروں طرف پھیلی ہے، مگر زندگی کو کسی ایک اصول سے جوڑے رکھنا اب بے حد مشکل ہو گیا ہے۔
بہرحال، پرانے بت ٹوٹ چکے ہیں، اسکرین روشن ہے اور نئی نسل اس طوفان کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کا ہنر بخوبی جانتی ہے۔