ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف مجاہد اقبال کھوسہ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کے تحت درخواست دینے والے شہری سات ماہ گزرنے کے باوجود سکروٹنی کے منتظر ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں کی مبہم رہنمائی اور عدم تعاون نے درخواست گزاروں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں نے پروگرام کو سہولت کے بجائے دفاتر کے چکر لگانے کی مشق قرار دیتے ہوئے حکومتی دعوؤں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق جب وہ آن لائن اپنے درخواستوں کا اسٹیٹس چیک کرتے ہیں تو وہاں پنجاب بینک کا نام ظاہر ہوتا ہے۔ پنجاب بینک سے رجوع کرنے پر انہیں اربن ڈیپارٹمنٹ جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے، جہاں سے انہیں پھاٹا (PHATA) کے دفتر بھیج دیا جاتا ہے۔ پھاٹا پہنچنے پر بتایا جاتا ہے کہ ان کی درخواستوں کی سکروٹنی اخوت فاؤنڈیشن نے کرنی ہے، لیکن جب شہری اخوت کے دفتر پہنچتے ہیں تو وہاں سے جواب ملتا ہے کہ ان کے پاس درخواست گزاروں کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں اور نہ ہی ان کی درخواستیں اخوت کو موصول ہوئی ہیں، بلکہ درخواستیں براہِ راست اربن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب بینک کو بھیجی گئی ہیں۔
اس متضاد اور غیر واضح طریقہ کار نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ متعدد درخواست گزار سات ماہ سے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگا رہے ہیں، مگر نہ ان کی درخواستوں کی سکروٹنی مکمل ہو سکی ہے، نہ انہیں کسی قسم کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ہے اور نہ ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی تسلی بخش جواب دیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سات ماہ کے دوران انہیں کوئی فون کال تک موصول نہیں ہوئی۔

درخواست گزاروں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر حکومتی سطح پر اتنے بڑے عوامی فلاحی منصوبے کے لیے واضح طریقہ کار اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری موجود نہیں تو عام شہری اپنی درخواستوں کی پیش رفت کے لیے کس دروازے پر دستک دیں؟ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو گھروں کی فراہمی کا خواب دکھانے والے منصوبے میں انتظامی بے حسی اور اداروں کے درمیان عدم رابطہ خود ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے، متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے، درخواستوں کی بروقت سکروٹنی یقینی بنانے اور درخواست گزاروں کو ایک واضح اور یکساں نظام کے تحت جواب دہی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا خواب دفاتر کے چکروں اور انتظامی پیچیدگیوں کی نذر ہونے کے بجائے حقیقت بن سکے۔