ایران سے متعلق اچھی خبر ہے، کل کوئی سرپرائز ہو سکتا ہے: امریکی صدر

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اہم پیش رفت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد مثبت خبر سامنے آ سکتی ہے اور کل کسی بڑے سرپرائز کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران سے متعلق معاملات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم اگر معاہدہ طے نہ پایا تو ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کل کچھ اہم ہونے جا رہا ہے اور ان کے خیال میں یہ ایک نہایت مثبت پیش رفت ہوگی۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایک انتہائی بااثر اور ذہین شخصیت کل وائٹ ہاؤس کا دورہ کرے گی، جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی امور میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ایک غیر معمولی پریس کانفرنس بھی کی جائے گی، جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیان نے عالمی سطح پر قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کسی اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کمرشل جہازوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ بھی اس پیش رفت سے جوڑا جا رہا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کا انحصار جنگ بندی پر ہے اور اگر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو اسے دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے چوبیس گھنٹے ایران امریکا تعلقات کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہو سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر خطے کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے