اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ قطر سے ایل این جی کے 4 کارگو اگلے 5 دن میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ قطر سے گیس آتے ہی ملک میں لوڈشیڈنگ کا نام و نشان ختم ہوجائے گا۔
پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت بھی لوڈشیڈنگ ایک ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ نہیں ہورہی۔ تاہم ملک بھر میں گرمی بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس سے مختلف شہروں میں طویل بندش جاری ہے۔ کراچی میں 10 گھنٹے جبکہ راولپنڈی میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 6 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، جبکہ لاہور میں 5 سے 6 گھنٹے اور پشاور کے نواحی علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی کی بندش کی جا رہی ہے۔