خیبر (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نورحلیم آفریدی)وادی تیراہ کے متاثرین نے اپنے مطالبات کی منظوری اور وعدہ خلافیوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر خیبر کے دفتر کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مزید کسی جھوٹے وعدے اور دھوکے میں نہیں آئیں گے۔
احتجاجی مظاہرے سے متاثرین کے ترجمان صحبت آفریدی، منہاج لالا، سعید آفریدی اور انجمن تاجران تیراہ کے صدر شیر افگن نے خطاب کیا۔ اپنے خطابات میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ متاثرین کو مسلسل لارے لپے دیے جا رہے ہیں اور کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک متاثرین 24 رکنی کمیٹی کے پاس جاتی ہے تو وہ اربابِ اختیار کے سامنے بے بسی کا اظہار کرتی ہے، جبکہ مقامی رکن صوبائی اسمبلی (پی کے 71) عبدالغنی آفریدی سے رابطہ کرنے پر تمام ملبہ سیکیورٹی فورسز اور وفاقی حکومت پر ڈال دیا جاتا ہے۔
مظاہرین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام سیاسی و انتظامی کھینچ تان کے درمیان بے چارے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے ساتھ کیے گئے تمام سابقہ وعدوں کو فوری طور پر پورا کیا جائے اور ان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو تحریکِ متاثرین اپنے احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔