گھوٹکی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن اور مستقل حل کا شہریوں اور تاجروں کا مطالبہ

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی شہر میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی جانب سے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پانچویں روز بھی بلا تعطل جاری رہا۔ انتظامیہ کی جانب سے ریڈیو ایف ایم چوک سے دیوری روڈ اور بائی پاس تک بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں، دکانوں اور عوامی گزرگاہوں کے سامنے قائم تمام عارضی و مستقل تجاوزات اور رکاوٹیں مسمار کر دی گئیں۔

آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر سڑک کنارے قائم غیر ضروری تجاوزات کو ہٹایا گیا جس سے سڑک کشادہ ہو گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے شہر میں ٹریفک کی روانی بحال ہوگی اور عام شہریوں کی روزمرہ آمدورفت میں درپیش رکاوٹیں ختم ہوں گی۔

دوسری جانب مقامی دکانداروں نے ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف اس مہم کو بلاامتیاز اور یکساں بنیادوں پر چلایا جائے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ سڑکوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قائم ریڑھیوں اور رکشہ اسٹینڈز کے خلاف بھی یکساں قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کسی مخصوص طبقے کی دل شکنی نہ ہو۔

شہریوں اور عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس قدم کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس آپریشن کو محض چند ایام تک محدود نہ رکھا جائے۔ انہوں نے تمام مرکزی شاہراہوں اور بازاروں کا باقاعدہ سروے کر کے تجاوزات کے مستقل خاتمے اور دوبارہ قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے