اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اہم دورے پر کل صبح پاکستان پہنچیں گے۔
دورۂ پاکستان کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری شامل ہیں۔
اس مرتبہ بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا خود جائزہ لیں گے۔
سن 2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ یو این ایم او جی آئی پی بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا ایک اہم مشن ہے۔
اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 1949ء میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ پرتگالی، انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانیں روانی سے بولتے ہیں۔
