اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تقریب کل اتوار کو منعقد ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال، امریکا-ایران مذاکرات اور آئندہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے حتمی مرحلے میں داخل ہونے کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ متوقع الیکٹرانک دستخطی تقریب کے بعد ہونے والی پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
سعودی وزیر خارجہ نے مذاکراتی عمل کے دوران ثالثی، مفاہمت اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کو سراہا۔
تاہم دفتر خارجہ کی جانب سے الیکٹرانک دستخطی تقریب کے مقام اور دیگر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے رواں ماہ کے آخر میں مصر میں ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس (آر-4) کی تیاریوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔