سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہےکہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، سہیل آفریدی

کراچی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول بھٹو خوش آمدید کہتے ہیں تو دوسری طرف راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔ کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے عزت دی ہے اور ہمت سے فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے، کراچی میں ہمارے ورکرز کو گرفتار کیا جاتا ہے جبکہ تحریک انصاف کا ماننا ہے کہ یہ اسمبلیاں غلط طریقے سے وجود میں آئی ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے، حالانکہ اس وزیراعلیٰ کی پارٹی کی وفاق میں بھی حکومت ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔ افغانستان کے ساتھ معاملات بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہتر تھے، لیکن جب ہم نے موجودہ پالیسی پر تنقید کی تو کہا جاتا ہے کہ افغانستان چلے جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بسوں اور رکشوں میں اسکول جاتے رہے ہیں اور نہ وہ بانی پی ٹی آئی کے رشتے دار ہیں اور نہ ہی ارب پتی ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ کے پانچ روزہ دورے کے آخری مرحلے میں کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے راستوں کی مبینہ بندش، کنٹینرز لگانے اور پولیس کی جانب سے رکاوٹوں پر سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سہیل آفریدی نے سندھ پولیس کی فراہم کردہ سیکیورٹی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اہلکاروں کو واپس جانے کی ہدایت کی اور سیکیورٹی گاڑیاں واپس کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس کے باعث متبادل اور کچے راستوں سے کراچی پہنچنا پڑا۔

ادھر کراچی انتظامیہ نے مزارِ قائد اور اطراف میں جلسے، جلوس اور اجتماعات کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اضافی نفری تعینات کی اور متعدد راستے بند کر دیے۔ پی ٹی آئی کو شاہراہِ قائدین پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باعث پروگرام کے مقام میں تبدیلی کرنا پڑی۔ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کی سیاسی موبلائزیشن کے حوالے سے بھی کارکنوں کو متحرک رہنے کی اپیل کی۔ صحافتی توازن برقرار رکھنے کے لیے اس معاملے پر سندھ حکومت اور پولیس کا رسمی مؤقف سامنے آنے پر شامل کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے