اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں گندم کی بوائی کے آغاز پر ہی کسان شدید مہنگائی اور زرعی مداخل کی بھاری قیمتوں کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور ملحقہ علاقوں میں کاشتکاروں نے گندم کی فصل کے لیے زمینوں کی تیاری شروع کر دی ہے، تاہم بوائی کے آغاز سے قبل ہی معیاری بیج، ڈی اے پی اور سونا یوریا کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے کسانوں کی کمر توڑ دی ہے۔ زمین کی تیاری، بیج، کھاد، ڈیزل اور دیگر بنیادی اخراجات میں بیجا اضافے کے باعث بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کے لیے فصل کی بوائی انتہائی دشوار ہو چکی ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر سیزن کے اس اہم موقع پر معیاری بیج اور کھاد سرکاری و مناسب نرخوں پر میسر نہ آئی تو پیداواری لاگت میں مزید بے تحاشا اضافہ ہو جائے گا، جس سے زرعی پیداوار کے مقررہ اہداف متاثر ہونے کا قوی خدشہ ہے۔
علاقے کے کسانوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی کاغذی کارروائیوں اور خاموشی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مارکیٹوں میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور گرانفروش ڈیلروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو ریلیف مل سکے اور گندم کی وقت پر کاشت ممکن ہو سکے۔