بھارتی سکھ یاتریوں کی جوڑ میلہ تقریبات کے بعد فاروق آباد روانگی

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی گوردوارہ جنم استھان میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کے بعد بھارتی سکھ یاتریوں کا وفد فاروق آباد کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں خصوصی بسوں کے ذریعے گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کے لیے الوداع کیا گیا۔

سکھ یاتریوں کی روانگی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے جنہوں نے یاتریوں کو روایتی خیر سگالی کے جذبے کے تحت رخصت کیا۔ اس موقع پر امن و امان قائم رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سکھ یاتریوں نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ملنے والا پیار اور مہمان نوازی ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان آنے سے قبل ان کے ذہنوں میں سیکیورٹی اور دیگر معاملات کو لے کر بہت سارے سوالات اور خدشات موجود تھے۔

سکھ یاتریوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے بہترین انتظامات اور یہاں کے عوام کی بے لوث محبت نے ان کے تمام خدشات کو یکسر غلط ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہمیں ہمیشہ پاکستان کے بارے میں غلط باتیں بتائی اور سکھائی جاتی رہی ہیں۔

وفد میں شامل یاتریوں نے والہانہ انداز میں کہا کہ یہاں آنے کے بعد اور پاکستانیوں کا حسنِ سلوک دیکھ کر اب انہیں پاکستان اپنا دوسرا گھر لگ رہا ہے۔ انہوں نے گوردوارہ جنم استھان میں بہترین قیام و طعام اور سفری سہولیات فراہم کرنے پر حکومتِ پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے