سیالکوٹ کا ورثہ دنیا تک پہنچانے کا عزم، عالمی یومِ فوٹوگرافی پر خصوصی سیمینار

سیالکوٹ (کیواین این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ): عالمی یومِ فوٹوگرافی کے موقع پر سیالکوٹ ایوانِ صنعت و تجارت (SCCI) کے زیرِ اہتمام ’’تصویر میں سیالکوٹ, ورثے سے سیاحت تک‘‘ کے عنوان سے باوقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں فوٹوگرافی، تاریخی ورثے اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم گفتگو کی گئی۔

تقریب کی صدارت صدر سیالکوٹ ایوانِ صنعت و تجارت سید احتشام مظہر گیلانی نے کی، جبکہ تمغہ امتیاز یافتہ اور معروف انٹرنیشنل فوٹوگرافر گلریز غوری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ ذی وقار میں انٹرنیشنل بائیکر مکرم خان ترین اور ڈائریکٹر آرکیالوجی پنجاب رانا محمد اقبال خان منج شامل تھے۔

سیمینار کے چیف آرگنائزر چیئرمین ٹورازم، کلچر اینڈ آرکیالوجی کمیٹی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس خالد لطیف تھے، جبکہ کوآرڈینیٹر کے فرائض سینئر پریس فوٹوگرافر محمد یونس چوہدری نے انجام دیے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوٹوگرافی محض ایک تصویر محفوظ کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ کسی خطے کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا مؤثر وسیلہ بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیالکوٹ کے تاریخی مقامات، ثقافتی روایات، قدیم عمارات اور دیگر سیاحتی ورثے کو جدید فوٹوگرافی کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے تاکہ شہر کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا جاسکے۔

تقریب میں سینئر صحافی عبدالشکور مرزا، ماہر تعلیم رانا ظفر اقبال، ماہر تعلیم عاشق حسین صدیقی، سینئر صحافی جنید آفتاب روزنامہ جنگ، مؤلف تاریخ سیالکوٹ اور ممبر ٹورازم، کلچر اینڈ آرکیالوجی کمیٹی سیالکوٹ چیمبر اشفاق نیاز، سینئر پریس فوٹوگرافر محمد منیر بٹ، محمد بوٹا اور رفیق مسیح سمیت ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، فوٹوگرافرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء نے ’’تصویر میں سیالکوٹ — ورثے سے سیاحت تک‘‘ جیسے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو فوٹوگرافی کے ذریعے اجاگر کرنے سے نہ صرف شہر کی مثبت شناخت دنیا بھر میں بہتر انداز میں پیش ہوگی بلکہ سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ شرکاء نے سیالکوٹ کے روشن مستقبل اور شہر کے تاریخی و ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے