میرپورخاص (کیو این این ورلڈ/سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) میرپورخاص میں صحافتی خدمات کے اعتراف میں ایک پروقار تقریبِ اسناد کی تقسیم ملک سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صحافیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انفارمیشن کمیشن کے سینئر کمشنر محمد سلیم خان تھے، جنہوں نے کیو این این ورلڈ میرپورخاص کے ڈسٹرکٹ رپورٹر سید شاہزیب شاہ کو صحافت کے میدان میں خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافت کا کردار نہایت اہم ہے۔
تقریب میں مختلف صحافتی، سماجی اور شہری حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز سے نہ صرف صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ انہیں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع بھی ملتا ہے۔
منتظمین کے مطابق تقریب کا مقصد صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں بھی ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں۔