پاکستانی فضائی دفاع نے افغانستان سے آنے والے 4 ڈرون تباہ کر دیے، افغان طالبان اشتعال انگیزی سے باز رہے: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغانستان سے آنے والے چار ڈرون کامیابی سے مار گرائے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں چار ڈرون پاکستان بھیجے گئے، جنہیں پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کے بعد جدید دفاعی نظام کی مدد سے تباہ کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نیٹ ورک مکمل طور پر متحرک ہے اور سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر نے افغان طالبان حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی ترک کرے، جبکہ ایسے اقدامات افغان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت مکمل طور پر چوکس ہیں، وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور سرحد پار کسی بھی جارحیت کا آپریشن غضبُ الحق کے تحت فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا۔