اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند روز کے دوران انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 49 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، ریموٹ ڈیٹونیشن آلات، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں ہتھیار اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جبکہ ریموٹ ڈیٹونیشن آلات سمیت برآمد ہونے والے سامان کو تلف کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، مختلف اقسام کے ہتھیار، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلاتعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔ فورسز نے کارروائیوں کے ذریعے ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور ملک کے امن و استحکام کے تحفظ کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں۔ کارروائیوں کے بعد متعلقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے تدارک اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خارجی عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی کی مہم بلاتعطل جاری رکھی جائے گی۔