ماسکو/اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسلح تصادم سے گریز کریں اور تمام متنازع امور کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے، اس لیے دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کریں۔
روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں دونوں فریقوں سے اپیل کی کہ وہ مسلح تصادم کا خاتمہ کریں اور تمام تنازعات کو سیاسی بات چیت، باہمی رابطوں اور سفارتی کوششوں کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیں تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کی جانب سے بلوچستان کی سرحدی سمت آنے والے چار ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان حکومت نے 30 جون کو بلوچستان کی سرحد کی جانب چار ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے، تاہم پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے انہیں بروقت شناخت کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جدید دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں ڈرون فضا ہی میں تباہ کر دیے، جس کے نتیجے میں دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک کی مسلح افواج ہر قسم کی سرحد پار جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔