رینالہ خورد: ڈکیتی کی دو وارداتیں، شہریوں سے پونے دو لاکھ نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا گیا

رینالہ خورد (نامہ نگار): تھانہ سٹی رینالہ خورد کی حدود میں ڈکیتی اور چوری کی تین وارداتوں میں شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھین لیے گئے جبکہ جنازہ گاہ سے شہری کی موٹر سائیکل بھی چوری کر لی گئی۔ ایک واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ دو واقعات کے مقدمات تاحال درج نہیں ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق پہلی واردات میں دو موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے چائے کی دکان پر مزدوری کرنے والے شہری سیف خان سے گن پوائنٹ پر ٹچ موبائل فون چھین لیا اور فرار ہو گئے۔

دوسری واردات کارخانہ بازار میں پیش آئی جہاں ایک مسلح ڈاکو نے دن دو بجے کریانہ اسٹور میں داخل ہو کر اسلحہ کے زور پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور موقع سے فرار ہو گیا۔

تیسری واردات تارے شاہ قبرستان میں پیش آئی جہاں نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والے محمد احمد سکنہ انوار شہید کالونی کی ہنڈا سی ڈی 70 موٹر سائیکل نامعلوم چور چوری کرکے فرار ہو گئے۔

متاثرین کا الزام ہے کہ ڈکیتی کی دونوں وارداتوں کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرنے کے بجائے انہیں فیک کالز کرنے کا الزام لگا کر مبینہ طور پر دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں پولیس نے کارخانہ بازار میں ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ محمد شاہزیب کی مدعیت میں درج کر لیا، تاہم موبائل فون چھیننے اور موٹر سائیکل چوری کے واقعات کے مقدمات تاحال درج نہیں کیے گئے۔

شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے اور متاثرین کی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے