باماں بالا کے شہید سپاہی سہیل کی نمازِ جنازہ ادا، آبائی قبرستان میں سپردِ خاک

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری) رینالہ خورد کے نواحی قصبہ باماں بالا کے سپوت، پاک فوج کے جوان سپاہی سہیل وطنِ عزیز پر اپنی جان قربان کرنے کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اپنے آبائی گاؤں میں سپردِ خاک کر دیے گئے۔

شہید کا جسدِ خاکی آبائی گاؤں پہنچنے پر فضا سوگوار ہو گئی، جبکہ اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد آخری دیدار کے لیے امڈ آئی۔ ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غمزدہ دکھائی دیا۔

بعد ازاں شہید سپاہی سہیل کی نمازِ جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں پاک فوج کے افسران و جوانوں، سول انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تدفین کے موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ وطن کے اس بہادر سپوت کی عظیم قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر اہلِ علاقہ نے کہا کہ شہید سپاہی سہیل نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ شرکاء نے شہید کے درجات کی بلندی، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے