ایک ہی چھت تلے تمام محکمے موجود: کمشنر ساہیوال نے کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن لے لیا

رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت رینالہ خورد میں پروقار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے اپنے درپیش مسائل کے حل کے لیے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام، ضلعی انتظامیہ سمیت صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے محکمہ ریونیو، پولیس، ایریگیشن، ایجوکیشن اور ہیلتھ سے متعلق متعدد درخواستیں پیش کیں۔ کمشنر ساہیوال نے تمام مسائل کو غور سے سنا اور کئی درخواستوں پر موقع پر ہی ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کیے، جبکہ پیچیدہ نوعیت کے مسائل کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کی سخت ہدایات دیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد وزیراعلیٰ پنجاب کی گڈ گورننس پالیسی کا ایک احسن اقدام ہے جس کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام محکمے ایک ہی چھت تلے موجود ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہریوں کی کئی ماہ سے زیر التوا درخواستوں کو فوری طور پر نپٹانے کی کوشش کی جائے گی اور درخواستوں کے باقاعدہ فالو اپ کے ذریعے تمام درپیش مسائل کو طے شدہ وقت کے اندر حل کروایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے