رینالہ خورد: گرفتار صحافی کی ضمانت منظور، عدالت سے رہائی

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) جنرل سیکرٹری رینالہ پریس کونسل رجسٹرڈ رینالہ خورد عمر ذوالفقار چودھری کی ضمانت عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بیوٹیفکیشن کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد صائمہ نذیر اور مقامی تاجر و صحافی عمر ذوالفقار چودھری کے درمیان تفصیلات سے متعلق سوال پوچھنے پر معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی۔ بعد ازاں صحافیوں اور اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان ہونے والی گفتگو میں دونوں اطراف نے پیدا ہونے والی غلط فہمی دور کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔

تاہم کچھ ہی گھنٹوں بعد میونسپل کمیٹی کے انفورسمنٹ انسپکٹر کاشف شریف کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں مقدمہ نمبر تین سو تینتیس درج کیا گیا، جس میں مختلف دفعات شامل کی گئیں۔

بعد ازاں معزز عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران رینالہ بار ایسوسی ایشن کے سینئر وکلا چودھری زنیر فرید کمبوہ، راجہ رمیز خضر، میاں نعیم عثمان، ضیا نعیم، اجمل بیدار، عثمان شوکت سمیت دیگر وکلا نے ٹھوس دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے عمر ذوالفقار چودھری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کر دیا۔

اس موقع پر وکلا برادری اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران، جن میں صدر نیشنل پریس کلب شہباز جاوید، صدر جناح پریس کلب راجہ نبیل خضر اور صدر رینالہ پریس کونسل رجسٹرڈ علیم اللہ چودھری شامل ہیں، نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ حق اور انصاف کی فتح ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی حقائق پر مبنی صحافت جاری رکھتے ہوئے سچ کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے