رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارلیاقت علی چوہدری)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر رینالہ خورد میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دو فوڈ پروڈکشن یونٹس کی انسپکشن کے دوران 350 کلو گرام غیر معیاری خوراک اور ممنوعہ اجزاء برآمد کرکے تلف کر دیے، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں ولی ٹاؤن رینالہ خورد اور چک نمبر 49 ٹو ایل میں قائم سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ اور ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ دورانِ چیکنگ پروڈکشن ایریا سے حشرات زدہ ڈرائی فروٹ، بدبودار اور ناقص خام مال برآمد ہوا، جبکہ پیکنگ مٹیریل پر حشرات، گندگی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات بھی پائے گئے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مزید انکشاف کیا کہ پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار، آلودہ پانی جمع ہونے اور مشینری کی مناسب صفائی نہ ہونے کے باعث خوراک کی تیاری غیر محفوظ ماحول میں کی جا رہی تھی، جو صارفین کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی تھی۔
خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ کو ایک لاکھ روپے جبکہ ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ تمام غیر معیاری اور ناقص خوراک کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے مارکیٹ میں فروخت ہونے سے روکا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک سے وابستہ ہر کاروبار کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد لازم ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی، حفظانِ صحت اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔