رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر بستی رحیم بخش کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 نامعلوم نوجوان جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد نعشوں اور زخمیوں کو علاج و معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تصادم کے باعث دس ہزار لیٹر پٹرول سے بھرا آئل ٹینکر سڑک پر الٹ گیا، جس سے پٹرول کا اخراج شروع ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے آئل ٹینکر سے پٹرول کے بہاؤ کو روکنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کی کوششیں بھی جاری ہیں۔