بارکھان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی، صدر و وزیراعظم کی فورسز کی بہادری کو سراہا

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن عزیز کے امن، سلامتی اور دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوشم، بارکھان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن اور فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم سپوتوں نے وطن کے دفاع کیلئے عہدِ وفا کی مثال قائم کی۔

انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جبکہ سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار دن رات ملک کے دفاع میں مصروفِ عمل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے