امریکا ایران معاہدے کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع

امریکا ایران معاہدہ: وزیراعظم شہباز شریف کی جنیوا میں تقریب میں شرکت کا امکان

ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان متوقع معاہدے کی دستخطی تقریب سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد ہوگی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان ڈیل مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کو ٹول فری کھولا جائے گا، ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے اور دنیا بھر کے بحری جہازوں کے لیے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا وقت آگیا ہے، جبکہ تیل کی ترسیل بھی دوبارہ شروع ہوگی۔

بعد ازاں ایران کی جانب سے بھی اس معاہدے کی تصدیق سامنے آئی تھی۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جنیوا میں متوقع دستخطی تقریب کا منتظر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے پورے عمل کے دوران تحمل اور تعمیری سفارتکاری کی حمایت جاری رکھی اور امریکا و ایران کی قیادت کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان 19 جون کو جنیوا میں ہونے والی متوقع تقریب کا منتظر ہے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہا جبکہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں امن اور عالمی معیشت میں استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے