اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت نے عید کے تیسرے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 22،22 روپے کمی کر دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لئے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لئے فیول پر سبسڈی دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق جب خطے کے دوسرے ممالک میں پٹرول حاصل کرنے کے لئے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بر وقت اقدامات کی بدولت عوام کو پٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔
جب دنیا میں تیل کا بد ترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ برطانوی خام تیل کی قیمت 1.46 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 92.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 0.73 سینٹس کمی کے بعد 88.17 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔