ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مجاہداقبال کھوسہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صاف ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت عید الاضحٰی کے موقع پر صفائی عملے کے لیے 10,000 روپے اضافی بونس کے اعلان پر عملدرآمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے یارو کھوسہ کے عملہ صفائی کے اہلکاروں میں رقم کے چیکس کی تقسیم کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا ہے۔
عید کی تعطیلات میں سخت محنت اور شاندار خدمات سرانجام دینے والے ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کے عملے کو دیگر شہروں کی طرز پر مرحلہ وار رقم منتقل کی جا رہی ہے۔ انتظامی پراسیس مکمل ہونے کے بعد یارو کھوسہ کے تقریباً 20 خاکروبوں کے لیے جاری کردہ بونس چیکس میں سے متعدد اہلکاروں کو چیک موصول ہو چکے ہیں، جبکہ بقایا عملے کو بھی اگلے چند ایام میں چیکس جاری کر دیے جائیں گے۔
بونس کی رقم موصول ہونے پر مقامی خاکروبوں، جن میں محمد رفیق، عبدالسبحان، شاہد، مولوی اسماعیل، محمد صادق، طالب حسین و دیگر شامل ہیں، نے شدید مسرت کا اظہار کیا۔ عملے نے اس اقدام کو غریب پرور فیصلہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے متعلقہ اعلیٰ حکام کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
مزدوروں کا کہنا تھا کہ عید بونس ملنے سے ان کی دلی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ آئندہ بھی علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور محنت بکارِ لائیں گے۔