سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، پنجگور میں 6 خارجی مارے گئے

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور ایک گاڑی برآمد کر لی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر انداز میں چھاپے مارے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد، جنہیں ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے عناصر قرار دیا گیا، مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور معصوم شہریوں سمیت سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی سرگرمیوں میں شامل رہے تھے۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کیا جا سکے۔

فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور معصوم پاکستانی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے