'پلے بک' رپورٹ، معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی اور سفارتی مؤقف کو مؤثر قرار

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)برطانوی ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن فرم پلے بک نے معرکۂ حق سے متعلق اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے اس تنازع کے دوران عسکری اور سفارتی دونوں محاذوں پر نمایاں برتری حاصل کی، جبکہ محدود وسائل کے باوجود اپنی دفاعی صلاحیتوں کا مؤثر مظاہرہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے عسکری میدان میں برتری حاصل کی اور کارروائیوں کے دوران رافیل طیاروں سمیت متعدد بھارتی جنگی طیارے تباہ ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور فرانسیسی انٹیلیجنس حکام نے بھی بھارت کو ہونے والے بھاری نقصانات کی توثیق کی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور مختلف ممالک میں تعینات بھارتی دفاعی اتاشی بھی معرکۂ حق کے دوران بھارتی نقصانات کا اعتراف کر چکے ہیں، جسے رپورٹ میں اہم شواہد کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی نمایاں پیش رفت کی۔ اس سلسلے میں امریکا سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو کلیدی قرار دیا گیا ہے۔

برطانوی ریسرچ فرم کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر دستیاب شواہد اس مؤقف کی تائید کرتے ہیں کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان کا کوئی جنگی طیارہ تباہ نہیں ہوا، جبکہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود اپنی دفاعی حکمت عملی، عسکری تیاری اور سفارتی کوششوں کے ذریعے واضح برتری حاصل کی۔

رپورٹ میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ معرکۂ حق نے نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ عالمی سطح پر اس کے سفارتی مؤقف کو بھی تقویت فراہم کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے