راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) پاک فوج نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کے دوران ایس ایس جی کے ریٹائرڈ حوالدار کو مارنے کے جھوٹے دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران مبینہ طور پر ہلاک ظاہر کیے گئے حوالدار محمد آصف کو زندہ حالت میں میڈیا کے سامنے پیش کر کے بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے 29 ستمبر کو مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد آپریشن کا ڈرامہ رچایا اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ لشکر طیبہ کا ایک دہشت گرد محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ مارا گیا ہے۔ بعد ازاں بھارتی میڈیا اور فوج نے سروس نمبر کے ساتھ دعویٰ کیا کہ وہ پاکستان کی ایس ایس جی کا ریٹائرڈ حوالدار ہے اور اس پر پہلگام سمیت متعدد کارروائیوں کا الزام عائد کر دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا کے سامنے آنے والے حوالدار محمد آصف نے بتایا کہ وہ اٹک کے علاقے پنڈی گھیب کے رہائشی ہیں اور 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ راولپنڈی میں ایک سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں اور اپنے گھر میں بالکل خیریت سے ہیں۔ دوستوں کی جانب سے اپنی شہادت کی خبریں سن کر انہیں انتہائی حیرت ہوئی، بھارت نے ان پر اور پاکستان پر بالکل من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ایسے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے جہاں 10 لاکھ سے زائد بھارتی اہلکار تعینات ہیں اور وہاں روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو پاک فوج کا ردعمل انتہائی سخت اور دردناک ہوگا۔ دشمن کے ہر اقدام کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے افواجِ پاکستان ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں اور ملکی سلامتی و جغرافیائی سرحدوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم پختہ اور غیر متزلزل ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون جاری ہے جس کی تفصیلات مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جاتی ہیں۔
داخلی سلامتی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے میں کوئی فرق نہیں ہے اور دونوں کو افغان طالبان کی سہولت کاری حاصل ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل روح کے ساتھ عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔