روڈ بحالی مشترکہ کمیٹی کی کاوشوں سے 18 فور ایل روڈ کا کام پھر سے جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں 18 فور ایل روڈ کی تعمیر و بحالی کا کام کئی سال کے طویل تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جس سے علاقے کے مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

روڈ بحالی مشترکہ کمیٹی کی مسلسل کاوشوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے نتیجے میں سڑک پر تعمیراتی سرگرمیاں پھر سے شروع ہو گئی ہیں۔ اہلِ علاقہ نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر مقامی مکینوں نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ میاں یاور زمان، ایم پی اے چوہدری ریاض الحق جج ایم این اے اور ایکسین ہائی وے مہر مبارک کا شکریہ ادا کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ 18 فور ایل روڈ کی تعمیر و بحالی ان کا دیرینہ مطالبہ تھا اور اب عملی کام شروع ہونے سے آمدورفت کے مسائل حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
کام دوبارہ شروع ہونے کی خوشی میں سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے اپنے دوستوں اور اہلِ علاقہ میں مٹھائی تقسیم کی۔ تقریب میں روڈ بحالی مشترکہ کمیٹی کے کارکنان کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

تقریب میں علاقے کے معززین اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ سڑک کا تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ علاقے کے مکینوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *